ماہِ صیام کی بابرکت آمد
فیصل آباد(خدیجہ ارشد)ماہِ صیام کی بابرکت آمد کے موقع پر شہر بھر کودلکش اور دیدہ زیب انداز میں سجا دیا گیا ہے جس سے شہر کی فضاء خوشی سے معطر ہو گئی ہے۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات کے تحت شہر بھر کو رمضان المبارک تھیم کے مطابق شہر کی بڑی شاہراؤں، اہم چوراہوں اور مرکزی مارکیٹوں میں خصوصی چراغاں کیا گیا ہے جبکہ گرین بیلٹس اور روڈز کے اطراف رنگ برنگی روشنیاں نصب کی گئی ہیں۔ بڑی سڑکوں کے کنارے درختوں کو کلر فل لائٹنگ سے آراستہ کردیاگیا جس سے رات کے اوقات میں حسین اور دلکش منظر دیکھنے کو مل رہا ہے۔استقبالِ رمضان کے سلسلے میں "رمضان نگہبان”کے نیون سائن مختلف مقامات پر جگمگا رہے ہیں جو شہریوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ مارکیٹوں کے داخلی راستوں پر رمضان المبارک تھیم پر مبنی محرابی لائٹنگ نصب کی گئی ہیں جو روح پرور ماحول کو مزید اجاگر کر رہی ہے۔نگہبان سہولت بازار اور دسترخوان کے مقامات پر روشن آرائشی محرابیں اور خصوصی سجاوٹ شہریوں کے لیے خوشگوار احساس کا باعث بن رہی ہیں۔
