پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق


فیصل آباد( فیضان )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہر میں صنعتوں کے باعث ماحولیاتی مسائل کے پائیدار حل کے لئے جامع پلاننگ کے اقدامات جاری ہیں اس سلسلے میں کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی طرف سے تشکیل دی گئی ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ریلوکیشن کمیٹی کا اجلاس کنوینئر/ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں صنعتوں کے سروے، منتقلی کے لئے سرکاری اراضی کی نشاندہی اور انفراسٹریکچر کے حوالے سے ضروری امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز میاں عرفان، ڈائریکٹر لیبر رائے یاسین سرفراز، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات عثمان اظہر، واسا سے عثمان ضیا، میونسپل آفیسر شیریں نیوٹن، انسپکٹر ماحولیات مظہر فرید و دیگر ارکان نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے شہر سے صنعتوں کو باہر منتقل کرنے کے لئے اب تک کئے گئے سروے و دیگر محکمانہ اقدامات کا جائزہ لیا اور کہا کہ کمشنر فیصل آباد کی طر ف سے تفویض کئے گئے ٹاسک کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے پر خصوصی توجہ ہونی چاہیئے اس سلسلے میں مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ایسی صنعتوں کو نشاندہی کی جائے جو انسانی جان ومال کے لئے ممکنہ خطرات کا موجب ہو سکتی ہیں تاکہ اس ضمن میں ترجیحات مرتب ہوسکیں۔انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران سے کہا کہ وہ شہر میں ہمہ نوعیت کی صنعتوں و کارخانوں کے مکمل سروے کو فوری حتمی شکل دیں جس میں صنعتوں کے محل وقوع، ان کی نوعیت اور مشینری سمیت دیگر متعلقہ کوائف کا اندراج یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ صنعتوں کی منتقلی کے لئے چک جھمرہ کے نزدیک اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے جس کے موزوں ہونے، اور سروے کے مطابق ضروریات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے سرکاری اراضی کے لئے ریونیو ریکارڈ کا مکمل جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمے دس روز میں یہ ٹاسک مکمل کریں تاکہ جامع سفارشات مرتب کر کے کمشنر فیصل آباد کو پیش کی جاسکیں،۔
