“پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے ،
پاکستان (ایم پلس نیوز)
پاک فضائیہ (پی اے ایف) نے ایئر ہیڈکوارٹرز میں آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ کی ساتویں سالگرہ منائی، جو جدید فضائی جنگ میں عزم، پیشہ ورانہ صلاحیت اور ذمہ دارانہ و موثر ردِعمل کی ایک نمایاں مثال ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت نے کہا کہ “پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے ،جو عزت و وقار کے ساتھ امن کا خواہاں ہے۔” انہوں نے کہا کہ سات سال قبل دشمن نے اندھیری رات میں پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کرکے پاکستان کے عزم اور صلاحیت کا غلط اندازہ لگایا، جب کہ پاک فضائیہ کے روشن دن میں دئیے گئے بروقت اور سوچے سمجھے جواب نے عددی طور پر بڑی قوت کے خلاف قابلِ اعتماد دفاعی صلاحیت کو دوبارہ ثابت کیا۔
عالمی و علاقائی سلامتی کے پیچیدہ ماحول اور جنگ کے بدلتے ہوئے تقاضوں کا ذکر کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ مارچ 2021 سے مالی چیلنجز کے باوجود پاک فضائیہ نے جامع جدت اور انڈسٹرلائزیشن کے ذریعے خود کو اگلی نسل کی فضائی قوت میں تبدیل کرنے کا عمل جاری رکھا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاک فضائیہ نے اپنے آپریشنل ڈوکٹرائن کو ازسرِنو ترتیب دیا اور جدید لڑاکا و معاون صلاحیتیں تیزی سے شامل کیں، جن میں مقامی سطح پر تیار کردہ بغیر پائلٹ طیارے، الیکٹرانک وارفیئر، خلائی اور سائبر اثاثے شامل ہیں، جو ایک منفرد گھریلو ملٹی ڈومین کل کین کی بنیاد بناتے ہیں۔
"معرکۂ حق” (مئی 2025) کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب ایک بار پھر پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کیا گیا تو پاک فضائیہ نے پہلی بار مکمل اسپیکٹرم ملٹی ڈومین آپریشنز انجام دیے، جو انتہائی درستگی کے ساتھ مکمل کیے گئے اور دشمن کو فیصلہ کن انداز میں شکست سے دوچار کیا۔ انہوں نے جدید پلیٹ فارمز—جیسے رافیل، ایس یو-30 ایم کے آئی، میراج-2000، مگ-29 اور بغیر پائلٹ دشمن نظام—کو مار گرانے، دشمن کے علاقے میں گہرائی تک مؤثر حملے کرنے اور ایس-400 فضائی دفاعی نظام اور اس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو ناکارہ بنانے کا بھی ذکر کیا۔
قوم کی خودمختاری کے تحفظ کے عزم کو دہراتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ ملک کی شان ہے اور قابلِ اعتماد دفاعی صلاحیت اور چوکنا مگر ذمہ دارانہ طرزِ عمل برقرار رکھے گی۔
آئی ایس پی آر
راولپنڈی، 27 فروری 2026ء

